جرمنی میں ایک کار ڈرائیور کی جانب سے کرسمس مارکیٹ میں خریداروں پر کار چڑھانے کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ جبکہ 200 سے زائد زخمی ہیں۔
جرمن چانسلر اولاف شولز نے مشرقی شہر میگڈےبرگ میں اس خوفناک حادثے کی مذمت کی، انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شدید زخمی افراد کیلئے تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے عہد کیا کہ جرمنی 2016 میں برلن کرسمس مارکیٹ پر ہونے والے مہلک حملے کی برسی کے قریب اس خوفناک حملے جس میں بہت سے لوگوں کو زخمی اور ہلاک کیا گیا پر پوری طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔
شولز نے اس صورتحال میں قوم سے اتحاد کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم ہے کہ ہم ایک قوم کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ رہیں۔ جرمن چانسلر نے کہا کہ وہ دنیا کے بہت سے ممالک کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے اُن کے شکر گزار ہیں اور کہا کہ یہ سن کر اچھا لگا کہ ہم بطور جرمن اس خوفناک تباہی کا سامنا کرنے میں تنہا نہیں ہیں۔