صدر فرانک والٹر سٹین مائر نے جمعہ کے روز جرمن چانسلر اولاف شولز کے سہ فریقی اتحاد کے خاتمے کے بعد 23 فروری کو قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے پارلیمان کے ایوان زیریں کو تحلیل کر دیا۔
برلن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سٹین مائر نے کہا کہ خاص طور پر مشکل وقت میں، جیسے کہ اب، استحکام کے لیے ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہوتی ہے جو کام کرنے کے قابل ہو، اور پارلیمنٹ میں قابل اعتماد اکثریت ہو۔ یہی وجہ ہے کہ جرمنی کیلئے قبل از وقت انتخابات ہی آگے بڑھنے کا صحیح راستہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعد، مسائل کا حل دوبارہ سیاست کا بنیادی کاروبار بن جانا چاہیے۔
صدر، جن کا عہدہ جنگ کے بعد کے دور میں زیادہ تر رسمی رہا ہے، نے انتخابی مہم کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے چلانے پر بھی زور دیا۔