لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو چارج شیٹ کیے جانے پر اپنے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سابق آئی ایس آئی چیف کا ٹرائل فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔
فیض حمید پر باضابطہ طور پر متعدد الزامات عائد کیے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی جماعت کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پارٹی قیادت پہلے ہی یہ کہہ چکی ہے کہ جنرل (ر) فیض کے خلاف چارج شیٹ فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اپنے اصول و ضوابط کے تحت کام کرتی ہے، جس کے تحت وہ ٹرائل کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی سمیت متعدد جرائم کا سامنا ہے۔ 12 اگست کو پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت ریٹائرڈ جنرل کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کا عمل شروع کیا گیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے پارٹی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ آنے والی حکومت مخالف تحریک پارٹی کے بانی عمران خان کی کال ہے اور اس پر ان سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا رویہ ہمیں دوبارہ سٹرکوں پر نکلنے کیلئے مجبور کر رہا ہے۔