مانچسٹر( مرزا نعیم الرحمن سے)جماعت اسلامی پنجاب شمالی اور ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں دو حکمران جماعتوں کے درمیان انتخابات کے نام پر محض ”نورا کشتی“ کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، جس سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق مانچسٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ملک اس وقت نہایت سنگین اور نازک صورتحال سے گزر رہا ہے جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان جیسے خطے عملی طور پر بحران اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں غیر ملکی مداخلت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،جس پر حکمرانوں کو فوری طور پر ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ملک میں امن،استحکام اور ترقی کا واحد راستہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات ہیں،جن کے ذریعے عوامی اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران طبقہ آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے،جس کے باعث ملکی خودمختاری اور معاشی فیصلے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی قوت ہے جو ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ان کے مطابق جماعت اسلامی سوشل میڈیا سمیت تمام جدید ذرائع کو موثر انداز میں استعمال کر رہی ہے جبکہ تنظیم کے پاس منظم سٹریٹ پاور بھی موجود ہے تاہم جماعت پرامن اور مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر آئندہ پیش کیا جانے والا بجٹ عوام دشمن ثابت ہوا تو جماعت اسلامی ملک بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔
گلگت بلتستان انتخابات پر نورا کشتی،رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے شفاف انتخابات کا مطالبہ کر دیا
27