غزہ کے 37 سالہ شہری تیسیر عبید، نے اپنے خاندان کو اسرائیلی حملوں سے بچانے کیلئے دیر البلح میں اپنے خیمے کے نیچے ایک گہری کھائی کھود لی۔ ان کے خاندان میں بچوں سمیت دس افراد شامل ہیں۔
جنگ کے دوران تیسیر عبید نے محدود وسائل کے باوجود اپنے خاندان کی مدد کیلئے مختلف طریقے اپنائے۔ خیمے کے قریب ایک چھوٹے سے رقبے پر سبزیاں اگائیں تاکہ خوراک کی کمی کے شکار بچوں کیلئے کھانے کا بندوبست ہو سکے۔
سردیوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے دوران، اُس نے بارش کا پانی ذخیرہ کیا تاکہ بے گھر کیمپ میں پانی کی قلت کا مقابلہ کیا جا سکے۔
بیٹ لاہیا سے بے گھر ہونے والے عبید اور ان کے خاندان کو 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد کئی بار نقل مکانی کرنی پڑی، جیسے دیگر بے شمار فلسطینی خاندانوں کو کرنا پڑا۔