Home » پیٹرول پمپس بندش کا خطرہ ٹل گیا،حکومت کی یقین دہانی پر ڈیلرز نے ہڑتال دو ہفتے کے لیے موخر کر دی

پیٹرول پمپس بندش کا خطرہ ٹل گیا،حکومت کی یقین دہانی پر ڈیلرز نے ہڑتال دو ہفتے کے لیے موخر کر دی

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی یقین دہانی کے بعد ملک بھر میں ممکنہ ایندھن بحران ٹل گیا، جب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مجوزہ ہڑتال دو ہفتوں کے لیے موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ہڑتال کی کال پٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن اور قیمتوں کے روزانہ تعین کے حکومتی فیصلے کے خلاف دی گئی تھی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور محدود وسائل کے باوجود زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوامی مفاد کو ترجیح دی جا رہی ہے اور پٹرولیم شعبے کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ساتھ جلد اٹھایا جائے گا جبکہ اس حوالے سے سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دو ہفتوں کے اندر مذاکرات کے ذریعے قابل قبول حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاو کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک چیلنج ہے تاہم حکومت شفاف اور منصفانہ انداز میں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ حکومت کسی قسم کی ناجائز منافع خوری کی حمایت کرتی ہے اور کہا کہ عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز نے حکومتی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مقررہ مدت میں ان کے مطالبات پر پیش رفت ہوگی۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے مطابق حکومت نے تحریری یقین دہانی بھی کرائی ہے،جس کے بعد ہڑتال کی کال عارضی طور پر واپس لے لی گئی ہے۔پٹرولیم ڈیلرز کا بنیادی مطالبہ منافع مارجن کو موجودہ 2.6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنا ہے جبکہ وہ قیمتوں کے روزانہ تعین کے نظام پر نظرثانی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ حکومت نے حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کے سپرد کرتے ہوئے روزانہ بنیادوں پر قیمتوں کے اعلان کا نظام نافذ کیا ہے، جس کے بعد قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاو دیکھنے میں آیا۔اس پالیسی پر نہ صرف ڈیلرز بلکہ ٹرانسپورٹرز اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی تحفظات سامنے آئے ہیں۔حکومت اور ڈیلرز کے درمیان حالیہ مذاکرات کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،جس سے وقتی طور پر بحران ٹل گیا ہے تاہم آئندہ دو ہفتے اس معاملے کے مستقل حل کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز