اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے،جس کے بعد پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے،جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کیا گیا ہے۔حکام کا موقف ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے اثرات سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔حالیہ اضافے کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
چند روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں میں مسلسل ردوبدل دیکھنے میں آ رہا ہے۔صارفین اور ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ افراد نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ٹرانسپورٹ کے کرایوں،زرعی شعبے،صنعتی پیداوار اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں،جس سے مہنگائی کے دباو میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی حالات، خصوصاً خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاو کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔