Home » پیٹرول پمپ مالکان کیلئے بڑی خوشخبری،ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری،ملک گیر ہڑتال ٹل گئی

پیٹرول پمپ مالکان کیلئے بڑی خوشخبری،ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری،ملک گیر ہڑتال ٹل گئی

by ahmedportugal
20 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات،بالخصوص پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی،جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ممکنہ ہڑتال کا خطرہ بھی ٹل گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیلرز مارجن پر نظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی،جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ای سی سی نے مارجن بڑھانے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں وفاقی وزراءرانا تنویر حسین،علی پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا تاہم وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی یقین دہانی کے بعد ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بتایا کہ ملک بھر میں اگلے روز ہونے والی ہڑتال موخر کردی گئی ہے۔ان کے مطابق وزیر پیٹرولیم سے ایک سابقہ ملاقات میں معاملات خوشگوار نہ تھے تاہم بعد ازاں علی پرویز ملک نے تقریباً نصف گھنٹے تک ٹیلی فون پر بات کی اور ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ملک خدا بخش کے مطابق وزیر پیٹرولیم نے وزیراعظم سے خصوصی منظوری لینے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں فی لیٹر تقریباً ایک روپے 34 پیسے اضافے کا عندیہ دیا تھا جبکہ ان کی مداخلت پر ڈیلرز مارجن کے معاملے پر ای سی سی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا۔ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے لیے بھی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔ڈیلرز کے مطابق کوٹہ نظام سے متعلق مسائل بھی پیٹرول پمپس کے کاروباری معاملات کو متاثر کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ان کے مطابق شعبے کی جدید کاری اور شفاف نظام کے لیے ڈیجیٹلائزیشن پر بھی کام جاری ہے۔طارق حسن نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مطابق اصولی طور پر مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی،آپریشنل اخراجات اور کاروباری لاگت میں اضافے کے باعث ڈیلرز اپنے مارجن میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کررہے تھے۔ان کے مطابق حکومت کی جانب سے منظور کردہ اضافے سے ڈیلرز کو کچھ ریلیف ملے گا تاہم ان کے اصل مطالبے اور حتمی مارجن میں فرق برقرار رہ سکتا ہے۔طارق حسن نے بتایا کہ وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے موجودہ نظام میں تبدیلی سے متعلق سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے بجائے سات روز کے وقفے سے قیمتوں کا تعین کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریباً 50 ملین ڈالر موجود ہیں تاہم قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کی سمری کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی سطح پر ہوگا۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین کے مطابق مجوزہ اضافے کے نتیجے میں پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پیٹرول مارجن بڑھ کر تقریباً 10 روپے تک پہنچ جائے گا۔ان کے بقول مارجن میں اضافہ ڈیلرز کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور کاروباری دباو کے تناظر میں ضروری تھا۔حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مارجن کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازع اب ای سی سی کی منظوری کے بعد ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔مارجن میں اضافے کی منظوری سے فوری طور پر ملک گیر ہڑتال کا خطرہ ٹل گیا ہے تاہم قیمتوں کے روزانہ تعین، کوٹہ سسٹم اور مستقبل کے انفلیشن ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر معاملات پر فریقین کے درمیان مزید مشاورت جاری رہنے کا امکان ہے۔ڈیلرز قیادت نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ مارجن اور دیگر فیصلوں کے عملی نفاذ کو آئندہ کے لائحہ عمل میں اہم سمجھا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز