برلن(ایگزو نیوز ڈیسک)جرمنی کے چانسلر فریڈرِش مرز نے امریکہ،اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال عالمی عدم استحکام میں اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اس بحران کے تناظر میں مزید متحد ہو کر ایک مشترکہ اور موثر خارجہ و معاشی حکمت عملی اپنائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق جرمنی کے چانسلر فریڈرِش مرز نے امریکہ،اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازع عالمی سطح پر عدم استحکام کو مزید گہرا کر رہا ہے اور اس کے اثرات صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہے بلکہ یورپ،ایشیا اور امریکہ تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔جرمن چانسلر نے اپنے بیان میں زور دیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کا موثر حل صرف ایک مضبوط اور متحد یورپ ہی فراہم کر سکتا ہے۔ان کے مطابق یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کو اپنی پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی تاکہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کا بہتر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ دو روزہ اجلاسوں میں ایران تنازع سمیت متعدد عالمی امور پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، توانائی کے بحران اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔فریڈرِش مرز نے کہا کہ دنیا ایک نئی معاشی حقیقت کی طرف بڑھ رہی ہے، جسے قبول کرنا ناگزیر ہے، چاہے یہ عمل کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔ ان کے مطابق یورپ کو اپنی اقتصادی اور خارجہ پالیسیوں کو تیزی سے تبدیل ہونے والے عالمی منظرنامے کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔واضح رہے کہ جرمن چانسلر کا یہ بیان یورپ کے اندر بڑھتی ہوئی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس میں عالمی تنازعات سے الگ ہو کر ایک آزاد اور خودمختار پالیسی اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے جبکہ موجودہ صورتحال نے بین الاقوامی سفارتی حلقوں میں بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔