لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب کی جانب سے بسنت کے موقع پر تین دن پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کے اعلان کے باوجود اورنج لائن میٹرو ٹرین کی سروس غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے، کیونکہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بسنت کے دوران ٹرین آپریشن کو سنگین سیکیورٹی خدشات سے مشروط قرار دے دیا ہے، جس کے باعث حکومتی فیصلے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور حتمی اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت پنجاب کی جانب سے بسنت کے تینوں دن پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کے فیصلے کے بعد اورنج لائن میٹرو ٹرین کے مستقبل کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ بسنت کے دوران اورنج لائن ٹرین چلانا سیکیورٹی کے اعتبار سے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جس کے باعث مسافروں کی جان و مال کو شدید خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کا پورا نظام مکمل طور پر بجلی پر انحصار کرتا ہے اور اس کا اوور ہیڈ الیکٹرک سسٹم بسنت کے دوران پتنگوں کی ڈور کے باعث شدید خطرے کی زد میں آ سکتا ہے۔ اتھارٹی نے نشاندہی کی ہے کہ دھاتی اور کیمیائی ڈور کے استعمال سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے، شارٹ سرکٹ، سسٹم فیل ہونے یا حادثات کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، جو نہ صرف ٹرین آپریشن بلکہ مسافروں کی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔اس حوالے سے جی ایم آپریشن اورنج لائن، عزیر شاہ نے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر بسنت کے دنوں میں اورنج لائن ٹرین چلانا رسکی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ایسے فیصلے سے گریز کیا جانا چاہیے جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگر اوور ہیڈ الیکٹرک سسٹم متاثر ہوتا ہے تو اس کے نتائج نہایت سنگین ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب اس معاملے پر مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، جن میں بسنت کے دنوں میں اورنج لائن ٹرین کی سروس جزوی طور پر معطل رکھنے، مخصوص اوقات میں چلانے یا اضافی حفاظتی انتظامات کے ساتھ سروس بحال رکھنے جیسے امکانات شامل ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا اور حکومت کی جانب سے جلد ہی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے بارے میں باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ایک جانب بسنت کے موقع پر شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے فیصلے پر قائم رہنا چاہتی ہے، جبکہ دوسری جانب کسی بھی ممکنہ حادثے یا سیکیورٹی خدشے سے بچنے کے لیے محتاط حکمت عملی اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ شہریوں اور مسافروں کی نظریں اب حکومت کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہیں، جس کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
بسنت پر مفت ٹرانسپورٹ،میٹرو ٹرین غیر یقینی کا شکار،سیکیورٹی خدشات نے حکومتی فیصلہ مشکوک بنا دیا
5