Home » پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،4 دہشت گرد مارے گئے،افغان شناختی کارڈ بھی برآمد،ساتھیوں کی تلاش جاری

پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،4 دہشت گرد مارے گئے،افغان شناختی کارڈ بھی برآمد،ساتھیوں کی تلاش جاری

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ،دستی بم، گولیاں اور دہشت گردوں کے زیرِ استعمال دو موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے افراد مبینہ طور پر دہشت گردی کی غرض سے علاقے میں موجود تھے اور گشت کررہے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کی،جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ہلاک افراد کے قبضے سے تین ایس ایم جیز،ایک پستول،ہینڈ گرنیڈ،مختلف میگزین اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔کارروائی کے بعد پولیس نے دہشت گردوں کے زیر استعمال دو موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک مبینہ دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ بھی ملا ہے،جس کے مطابق اس کا تعلق افغانستان کے صوبہ کنڑ سے بتایا گیا ہے تاہم ہلاک افراد کی حتمی شناخت اور دیگر کوائف کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بعض مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،جن کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر اور اس سے ملحقہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے افراد کی تلاش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی مزید تفتیش کے لیے کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔متعلقہ ٹیموں نے موقع سے شواہد محفوظ کرنے اور برآمد ہونے والے اسلحے سمیت دیگر مواد کا جائزہ لینے کا عمل شروع کردیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد بڈھ بیر اور گردونواح میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔سرچ آپریشن مکمل ہونے تک علاقے میں اضافی نفری کی تعیناتی اور نگرانی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے جبکہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی ڈی کے مطابق بڈھ بیر آپریشن سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت،ان کے ممکنہ نیٹ ورک،فرار ہونے والے ساتھیوں اور برآمد شدہ اسلحے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز