اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ گھر میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے، جہاں انہیں فوری طور پر فوجی اسپتال منتقل کر کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ باتھ روم میں گر گئے جس کے باعث ان کا سر دیوار سے ٹکرا گیا اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ گر میں گر کر زخمی ہو گئے، سر سمیت جسم کے متعدد حصوں پر چوٹیں آئی۔ سر پر لگنے والی چوٹیں نوعیت کے اعتبار سے نہایت حساس قرار دی جا رہی ہیں جبکہ دماغ میں ایک سے زائد مقامات پر گہری ضربیں آنے اور اندرونی خون بہنے (انٹرنل بلیڈنگ) کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا جہاں ماہر نیوروسرجنز اور سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے گئے تھے اور گزشتہ روز تک معالجین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا تاہم آج ان کی حالت میں جزوی بہتری کی علامت اس وقت دیکھی گئی جب انہوں نے اپنے اہل خانہ کو پہچانا۔اس کے باوجود ڈاکٹرز نے واضح کیا ہے کہ مریض تا حال خطرے سے مکمل طور پر باہر نہیں اور مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق جنرل(ر)باجوہ کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے جہاں ان کے دماغی دباو،خون کے بہاو اور اعصابی ردِعمل کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔اہل خانہ اور قریبی رفقاءکی جانب سے عوام سے دعاوں کی اپیل بھی کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی اور رازداری کے پیشِ نظر ہسپتال میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سر پر لگنے والی چوٹوں کے کیسز میں آئندہ چند دن نہایت اہم ہوتے ہیں اور مریض کی مکمل بحالی کا انحصار اندرونی زخموں کی شدت اور علاج کے ردِعمل پر ہوتا ہے۔جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات میڈیکل بورڈ کی آئندہ بریفنگ میں متوقع ہیں۔
سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ باتھ روم میں گر کر شدید زخمی،دماغی چوٹوں کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل،طبیعت بدستور نازک
23