پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جعلی خبروں اور آزادی اظہار کے غیر اخلاقی استعمال کو روکنے کیلئے سخت قوانین نافذ کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
فورم کا آغاز مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور پاکستان کے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوا جنہوں نے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کے وہ اہلکار جو اسلام آباد میں حالیہ پرتشدد احتجاج کے دوران شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
فورم میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور فوجی جارحیت کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی حمایت کی۔
فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا ایک جامع تجزیہ کیا اور بی ایل اے مجید بریگیڈ سمیت بلوچستان کے اندر سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بے اثر کرنے کا عزم کیا۔