بھارتی کرکٹ ٹیم نے چنئی میں بنگلا دیش کو 280 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نیا سنگ میل حاصل کیا ہے۔
اس جیت کا مطلب ہے کہ بھارت نے اب پہلی بار اپنی 92 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں ہار سے زیادہ جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے یہ عظیم سنگ میل 179 فتوحات کے ساتھ حاصل کیا جو کہ ٹیسٹ میچوں میں ان کی 178 شکستوں سے ایک زیادہ ہے۔
یہ بھارت کو دنیا کی ان چند ایلیٹ ٹیموں میں شامل کرتا ہے جنہوں نے کبھی یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں صرف سات ٹیموں نے کسی موقع پر ہار سے زیادہ جیت حاصل کی ہے۔ فی الحال یہ ریکارڈ صرف پانچ ٹیموں کے پاس ہے۔
ان ٹیموں میں بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کا ریکارڈ 414 جیت اور 232 ہار کے ساتھ خاصا مضبوط ہے۔ انگلینڈ نے 325 ناکامیوں کے مقابلے میں 397 جیت کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ جنوبی افریقہ نے 161 کے مقابلے میں 179 میچز جیتے جبکہ پاکستان نے 144 میچز ہارے اور 148 فتوحات حاصل کیں ہیں۔