ترکیہ کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شمال مغربی ترکیہ کے مشہور کارتالکیا سکی ریزورٹ میں ایک ہوٹل میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک اور 51 دیگر زخمی ہو گئے۔
وزیر داخلہ نے ایکس پر بتایا کہ آگ 12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل میں لگی، جو لکڑی کے حفاظتی مواد سے بنایا گیا تھا۔ آگ صبح مقامی وقت 3:27 بجے شروع ہوئی۔
پرائیویٹ نیوز چینل این ٹی وی کے مطابق، تین افراد ہوٹل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر ہلاک ہو گئے۔ یہ ریزورٹ انقرہ کے شمال مغرب میں 170 کلومیٹر دور پہاڑی سلسلے کے اوپر واقع ہے۔
آگ کا آغاز ریستوران سے رات تقریباً بارہ بجے کے قریب ہونے کا امکان ہے، اور یہ تیزی سے پھیل گئی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔
ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں ہوٹل کے پیچھے برف سے ڈھکے پہاڑ کے ساتھ آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بڑے بادل دکھائی دیے۔ ہوٹل کے کچھ حصے پہاڑی کنارے کے قریب ہیں، جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کیلئے آگ پر قابو پانا مشکل ہو رہا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہوٹل میں 237 افراد مقیم تھے، جہاں اسکول کی تعطیلات کی وجہ سے ہوٹل کی آکسیپینسی کی شرح 80 سے 90 فیصد کے درمیان تھی۔
جنہیں ہوٹل سے نکالا گیا تھا، انہیں قریبی ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا۔
وزیر انصاف یلماز تونک نے کہا کہ آگ کی تحقیقات کیلئے چھ پراسیکیوٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔