Home » پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں،افغان فورسز پسپا،200 طالبان ہلاک،درجنوں چوکیوں پر قبضہ،23پاکستانی بہادر جوان شہید

پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں،افغان فورسز پسپا،200 طالبان ہلاک،درجنوں چوکیوں پر قبضہ،23پاکستانی بہادر جوان شہید

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاک افغان سرحد پر کشیدگی اور افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔پاک فوج کی اس جوابی کارروائی میں دو سو سے زائد طالبان اور منسلک دہشت گرد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے تا ہم اس دوران وطن کے 23 بہادر سپاہی مادروطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کر گئے جب کہ 29 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج  نے رات کے وقت پاک افغان سرحدی علاقوں پر اچانک اور بلااشتعال حملہ کیا۔ان حملوں کا مقصد دہشت گرد گروہوں کو پاکستان کے اندر کارروائیوں کے لیے سہولت فراہم کرنا اور سرحدی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا تا ہم چوکس اور دلیر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے اس منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے حملے کو فیصلہ کن طور پر پسپا کر دیا۔فوج کے ترجمان کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران نہ صرف فائرنگ اور زمینی حملے کیے گئے بلکہ افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے تربیتی مراکز، ٹھکانوں اور چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی فورسز نے شہری آبادیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے انتہائی احتیاط برتی اور ہر ممکن اقدام کیا تاکہ کولیٹرل ڈیمیج نہ ہو۔ترجمان نے بتایا کہ جوابی کارروائی کے دوران طالبان فورسز کے متعدد کیمپ، چوکیوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ پاک فوج نے دشمن کی 21 چوکیوں پر قبضہ کر لیا جب کہ ان کے کئی اہم ٹھکانے اور اسلحہ ذخائر کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔

کارروائی کے دوران طالبان فورسز کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا،متعدد عسکریت پسند فرار ہو گئے اور کئی اپنی لاشیں چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی قوم امن اور استحکام چاہتی ہے تا ہم پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اس کا حق ہے۔فوج کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ تازہ اشتعال انگیزی ایک ایسے موقع پر سامنے آئی جب طالبان وزیر خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں،وہ ملک جو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا معاون اور سپانسر ہے۔آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ طالبان حکومت کو فتنہ الہند،داعش اور خوارج جیسے دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری،موثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کرنے ہوں گے۔پاکستان اپنے عوام کے دفاع اور سلامتی کے لیے دہشت گردی کے ہر مرکز کو بے اثر بنانے کے لیے کارروائی جاری رکھے گا۔
فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ بھارت کی پراکسی پالیسیوں سے فاصلہ اختیار کرے،ہنگامہ آرائی کے بجائے افغان عوام کی خوشحالی، امن اور ترقی کو ترجیح دے۔ترجمان نے واضح کیا کہ اگر طالبان حکومت بھارت کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کرتی رہی تو پاکستان افغانستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو عیاں کرتا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔پاکستان کی مسلح افواج نے یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ ملکی سالمیت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان ہر خطرے کا جواب پوری قوت،جرات اور عزم کے ساتھ دے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز