Home » دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، بھارتی نیٹ ورکس کے مکمل صفائے کا اعلان،کور کمانڈرز کانفرنس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک پیغام

دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، بھارتی نیٹ ورکس کے مکمل صفائے کا اعلان،کور کمانڈرز کانفرنس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک پیغام

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی قیادت نے دہشت گردی، بھارتی پراکسیز اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کو ایک بار پھر دوہرایا۔ اجلاس کی صدارت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی،جنہوں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان دشمن کی ہر جارحیت کا تیز،بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔فورم  نے بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور جنگی جنون پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ” فرضی نئے نارمل “ کو پاکستان ایک نئے اور موثر جوابی نارمل سے توڑ دے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق کانفرنس کا باقاعدہ آغاز بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کے ساتھ ہوا،جہاں پوری فورس نے ان شہداءکی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے درجاتِ عالیہ کے لیے دعائیں مانگیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب میں کہا کہ ملک کے دفاع اور اندرونی امن کے لیے پاک فوج کے جوانوں کا عزم، حوصلہ اور بے مثال قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں  نے حالیہ سیلابی حالات میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بروقت کی گئی امدادی و ریسکیو کارروائیوں میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ قومی خدمت بھی فوج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کانفرنس میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، ابھرنے والے خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

شرکا  نے مشترکہ موقف اختیار کیا کہ دہشت گردی اور جرائم کے درمیان مضبوط گٹھ جوڑ اور اسے ملی ہوئی سیاسی سرپرستی،ریاست و عوام کے مفادات  کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے اور اس کا تحمل کسی صورت ممکن نہیں۔ کانفرنس نے اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ مربوط حکمتِ عملی اور شفاف انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے ان نیٹ ورکس کا قلع قمع کریں۔کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی سول و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اس طرح کی زہریلی تقاریر خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ شرکا نے واضح کیا کہ اگر کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب تیز، بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا اور کسی بھی ” فرضی نئے نارمل “ کو پاکستان ایک نئے،موثر اور متناسب جواب سے شکست دے گا۔

فورم نے واضح عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس، خاص طور پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند، کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکا نے ان نیٹ ورکس کے مالی وسائل، سہولت کاروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچوں کو تہ تیغ کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطح سفارتی سرگرمیوں کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ فوجی و سفارتی محاذوں پر یکساں البتہ مربوط حکمتِ عملی خطے میں پائیدار امن کے لیے لازم ہے۔ فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہوئے تاریخی سٹریٹجک دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں اور سٹریٹیجک ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔شرکا نے عالمی و علاقائی سطح پر انسانی حقوق اور اقوامِ عالم کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کشمیر میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کو دہرایا۔

کانفرنس کے بیچ میں یہ موقف آیا کہ فلسطین کے تنازعے کا فوری حل جنگ بندی، انسانی امداد کی رسد اور 1967ء سے قبل کی سرحدیں اور القدس الشریف کو بحیثیتِ دارالحکومت تسلیم کر کے ہی ممکن ہے۔اپنے اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ آپریشنل تیاری،ڈسپلن،جسمانی فٹنس،جدید اختراعات اور رد عمل کی صلاحیتوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ فوج ہر قسم کے خطرات،روایتی،غیر روایتی،ہائبرڈ یا غیر متناسب،کا موثر مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور اسے اپنے عزم و حوصلے کے ساتھ ثابت بھی کرنا ہو گا۔کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے اس عزم  کا اعادہ کیا کہ قوم کے دفاع، امنِ عامہ اور علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا اور امن کے خواہاں ممالک کے ساتھ اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کے ساتھ اندرونی محاذ پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز