راولپنڈی (ایگزو نیوز ڈیسک)ساوتھ وزیرستان کے وانا میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مغربی سرحد پر سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو جاری آپریشن “غضب للحق” کی تازہ پیش رفت اور سرحد پار خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا کی یادگار پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد قرار دیا۔فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے بات چیت کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوج کی غیر متزلزل کوششیں قابل تحسین ہیں۔فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات کا بروقت جواب دیا جائے گا اور دونوں فریقوں کے درمیان صرف اسی صورت میں امن قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی صورتحال،انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز،بارڈر مینجمنٹ اور پاک فوج کی جنگی تیاریوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔انہوں نے سرحد پر تعینات فارمیشنز کی ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔فیلڈ مارشل نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ رہیں گی اور دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔