Home » ریاض میں اہم دفاعی ملاقات، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور خالد بن سلمان کی ایرانی حملوں اور خطے کی سکیورٹی پر ہنگامی مشاورت

ریاض میں اہم دفاعی ملاقات، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور خالد بن سلمان کی ایرانی حملوں اور خطے کی سکیورٹی پر ہنگامی مشاورت

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، ایران کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے مملکت سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال کی سنگینی کا جائزہ لیا اور اس امر پر زور دیا کہ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت مشترکہ اقدامات کے ذریعے ایسے خطرات کا موثر تدارک ضروری ہے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلا اشتعال جارحیت نہ صرف علاقائی امن اور استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ تنازعات کے پرامن حل کے امکانات کو بھی محدود کر دیتی ہے۔دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقوں نے امید ظاہر کی کہ ایران دانشمندی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ غلط اندازے سے گریز کرے گا اور بحران کے پرامن حل کے لیے کوشش کرنے والے دوست ممالک کی کاوشوں کو تقویت دے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران ستمبر میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے سٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی،جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو دوسرے ملک پر حملے کے مترادف تصور کیا جائے گا اور مشترکہ دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔سعودی وفد میں سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی شریک تھے جبکہ پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سیکریٹری میجر جنرل محمد جواد طارق شامل تھے۔ملاقات کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات کے تسلسل کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے،جہاں دونوں ممالک خطے میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز