اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں کو جدید آئی سی فور (Integrated Command, Control, Communication and Coordination) نظام سے منسلک کر دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو پروازوں سے آف لوڈنگ، امیگریشن اور دیگر خدمات سے متعلق شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہوائی اڈوں پر عوامی خدمات کو مزید موثر،شفاف اور بروقت بنانا ہے۔آئی سی فور نظام سے منسلک ہونے کے بعد شہری اب کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایت براہِ راست مرکزی نظام میں درج کرا سکیں گے،جس سے شکایات کے حل کے عمل میں تیزی آئے گی۔ترجمان نے بتایا کہ شہری ہیلپ لائن نمبر 1991 پر فون کال کے ذریعے شکایات درج کرا سکتے ہیں جبکہ ای میل کے ذریعے بھی رابطے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔پروازوں سے آف لوڈنگ سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے شہری مخصوص نمبر 051-9262908 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تا کہ مسافروں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔ادارے کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو گا۔ترجمان ایف آئی اے نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا شکایت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔آئی سی فور نظام سے منسلک ہونے کے بعد ہوائی اڈوں پر نگرانی،رابطہ کاری اور شکایات کے حل کا نظام مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
ایف آئی اے کا بڑا اقدام،ملکی ائیرپورٹس آئی سی فور نظام سے منسلک،آف لوڈنگ اور امیگریشن شکایات کے فوری ازالے کا اعلان
5