Home » فیسکو میں 12 ارب روپے کا مبینہ کرپشن سکینڈل،ایف آئی اے کا بڑا ایکشن،دو سابق سی ای او اور میاں ادریس گرفتار

فیسکو میں 12 ارب روپے کا مبینہ کرپشن سکینڈل،ایف آئی اے کا بڑا ایکشن،دو سابق سی ای او اور میاں ادریس گرفتار

by ahmedportugal
19 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاور سیکٹر میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے دو سابق چیف ایگزیکٹو افسران کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ بجلی چوری و فراڈ کیس میں ستارہ گروپ آف انڈسٹریز فیصل آباد کے مالک میاں ادریس کو لاہور ائیرپورٹ سے امریکہ فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے اور فیسکو کمپنی کے سابق اعلیٰ حکام سمیت 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

ایگزو نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے آئی پی پیز کے 30 ارب روپے کے فراڈ کیس میں 11 سال بعد 12 ارب روپے کی چوری پر ستارہ گروپ،نیپرا،سوئی گیس اور فیسکو کے خلاف مقدمہ درج کر کے سی ای او کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ستارہ انرجی لمیٹڈ اور ستارہ کیمیکل کے ڈائریکٹرز نے فیسکو مینجمنٹ کے ساتھ ملی بھگت کر کے سال 2007 سے 2015 کے دوران منظور شدہ نرخوں کے برعکس فیسکو کو انتہائی مہنگی بجلی فروخت کی جبکہ دوسری طرف ستارہ کیمیکل کے لیے فیسکو سے انتہائی سستے نرخوں پر بجلی خرید کر قومی خزانے کو 11.96 ارب روپے کا بھاری نقصان پہنچایا۔ ملزمان نے سوئی نادرن سے سستی گیس حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کا استعمال بھی کیا اور لائسنس کی حد سے زائد غیر قانونی بجلی پیدا کر کے فیسکو کو بیچی۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ستارہ گروپ کے مالک میاں ادریس کو لاہور ایئرپورٹ سے امریکہ فرار ہوتے ہوئے روک کر شاملِ تفتیش کر لیا گیا ہے۔اس ہائی پروفائل کیس میں فیسکو کے سابق چیف ایگزیکٹوز تنویر صفدر چیمہ،خورشید عالم،راشد احمد اسلم،افتخار احمد،رانا عبدالجبار،امتیاز حسین بلوچ،احمد سعید اور ستارہ گروپ کے مالکان و ڈائریکٹرز میاں ادریس، جاوید اقبال،عمران غفور،محمد انیس،مختار اے شیخ اور احمد سعید اختر کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ 2007 سے 2015 کے دوران فیسکو کے بعض حکام کی مبینہ ملی بھگت سے بجلی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے ذریعے قومی خزانے کو تقریباً 11 ارب 96 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا،ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے قانونی اجازت اور لائسنس کے بغیر بجلی کی فروخت کا عمل جاری رکھا جبکہ بعض معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے باوجود بجلی کی فراہمی کا سلسلہ مبینہ طور پر جاری رکھا گیا،جس سے سرکاری خزانے کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے فیسکو کے سابق چیف ایگزیکٹو افسران خورشید عالم اور احمد سعید اختر کو گرفتار کیا،جنہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق مقدمے میں فیسکو کے 6 سابق چیف ایگزیکٹو افسران سمیت دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے بعض ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ حتمی ذمہ داری کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز