لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،جہاں پنجاب کی 80 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں نصاب، تدریسی نظام اور ڈگری پروگرامز کو مصنوعی ذہانت(اے آئی)سمیت جدید ٹیکنالوجیز سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی)لاہور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی)کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کی جبکہ یو ای ٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اجلاس کی میزبانی کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ سمیت پنجاب بھر کی جامعات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار، تحقیق کے فروغ، ڈیجیٹل لرننگ اور بین الاقوامی تعاون سمیت اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے جامعات پر زور دیا کہ وہ اپنے نصاب، تدریسی طریقہ کار اور ڈگری پروگرامز کو فوری طور پر جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالیں تاکہ طلبہ کو مستقبل کی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس، سائبر سیکیورٹی اور بائیوٹیکنالوجی جیسے شعبوں کی اہمیت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،اس لیے جامعات کو ان شعبوں کو تعلیمی پروگرامز کا حصہ بنانا ہوگا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جامعات صنعت اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے ہنر مند گریجویٹس تیار کریں جو قومی معیشت اور عالمی سطح پر موثر کردار ادا کر سکیں۔وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی مصنوعی ذہانت سے متعلق اپنے نصاب اور کورس ورک کو دیگر جامعات کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ملک بھر میں جدید تعلیم کے فروغ میں معاونت کی جا سکے۔اجلاس کے دوران اعلیٰ تعلیم میں ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیقی معیار میں بہتری اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے یو ای ٹی لاہور میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا، جبکہ اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر یو ای ٹی نے چیئرمین ایچ ای سی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
پنجاب کی جامعات میں تعلیمی انقلاب کی تیاری، ایچ ای سی کا بڑا فیصلہ،نصاب مصنوعی ذہانت کے مطابق جدید بنانے کا اعلان
20