کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت کے ترجمان برائے سندھ راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے واضح پیغام دے دیا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت شہر میں ختم ہو چکی ہے،پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت سے سخت مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف کو شہر قائد میں کسی بھی جلسے یا سیاسی اجتماع کی اجازت نہ دی جائے،عوام نے اپنے مینڈیٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کو مسترد کیا ہے اور ایسے عناصر جو دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں،انہیں سیاسی ڈائیلاگ یا تحفظ نہیں ملنا چاہیے،آئین اور قانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور عوام کے حق رائے دہی اور شہر کے امن و امان کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی سیاسی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان وفاقی حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ مذاکرات صرف ان عناصر سے کیے جائیں گے جو ملک کے آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گروہوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی سیاسی چھوٹ نہیں دی جائے گی،یہ فیصلہ کراچی کے عوام کے عزم اور شہر میں امن قائم رکھنے کی ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے ترجمان برائے سندھ راجہ خلیق الزماں انصاری نے کراچی میں عمران خان کی مقبولیت نہ ہونے اور عوامی ردعمل کے پیش نظر شہر قائد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور ایسے عناصر جو دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں،انہیں سپورٹ نہیں کیا جانا چاہیے،پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دی جائے،یہ دہشتگردوں کا سیاسی ونگ ہے،پی ٹی آئی والے ہمارے بچوں کے گلے کاٹنے والوں کے سہولت کار ہیں۔خلیق الزماں انصاری نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کو کراچی میں کسی بھی جلسے کی اجازت نہ دی جائے تا کہ شہر میں امن و امان اور عوامی مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آمریت کے خلاف سیاست کی ہے اور وفاق پی ٹی آئی کے صرف ان عناصر کے ساتھ ڈائیلاگ کرے گا جو آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ جمعہ کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے شہر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی تصاویر اور ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کہیں بھی 500 سے زائد افراد موجود نہیں تھے اور بعض افغان شہری بھی مظاہروں میں شامل تھے،کل کراچی شہر کو یرغمال بنایا گیا،6 گھنٹے شہر قائد یرغمال بنا رہا،پوری ریلی میں 500 سے زیادہ افراد نہ تھے،کل ٹریفک متاثر کرکے قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں،صوبائی حکومت کو ٹریفک جام پر سدباب کرنا ہو گا،پنجاب میں بھی ان لوگوں نے بدمعاشی کی،جلسے پر اعتراض نہیں،دہشتگردوں کو جلسے کی اجازت کیخلاف ہیں،سندھ میں ن لیگ کا گورنر جلد لگے گا،خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے دیگر صوبوں کے مینڈیٹ کی توہین بھی اس کے مترادف ہے۔انہوں نے دہشت گردی،سمگلنگ اور امن و امان کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور سندھ کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرے آئین اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف ہیں اور ایسے گروہ جن کے عناصر دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں،مذاکرات کے اہل نہیں۔راجہ خلیق الزماں انصاری نے مزید کہا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں کے ووٹرز کی جعلی مینڈیٹ کہہ کر توہین کی گئی،وزیراعلیٰ کی ذمہ داری عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہوتی ہے،آپ اپنے حلف سے غداری کر رہے ہیں،ملٹری آپریشن کیخلاف بات کرکے آپ وطن کے غدار ثابت ہو رہے ہیں۔عوام کے مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے شعوری طور پر اقدامات کریں اور شہر میں قانون شکنی کی اجازت نہ دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن نے آمریت کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے اور آئندہ سندھ میں جب بھی گورنر مقرر ہو گا،وہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر تنقید نہیں کی جا رہی بلکہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی اور آئین مخالف اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔