کمالیہ(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران جو نقصان ہو چکا ہے وہ اپنی جگہ، تاہم ملک میں مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق کمالیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پانی اترنا شروع ہو گیا ہے اور متاثرہ اضلاع میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ پاک فوج سمیت دیگر اداروں نے بر وقت اور موثر اقدامات کیے۔ان کے مطابق بروقت لوگوں کی منتقلی کے باعث جانی نقصان بہت محدود رہا لیکن اب سب سے بڑی ترجیح متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت ہے۔محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل میں سیلاب کی صورتحال سے بچنے کے لیے ایک مستقل اور پائیدار حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بل معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ان مشکل حالات میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام میں ہے،اس لیے ہر اقدام سے متعلق ادارے کو اعتماد میں لینا بھی ضروری ہوتا ہے تاہم آئی ایم ایف کو حالات سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہوں نے بھی اس اقدام کو حقیقت پسندی کے ساتھ قبول کیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ آفت زدہ علاقوں کو بجلی کے بلز ارسال کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سیلاب سے ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے لیکن اس کے باوجود ملکی سطح پر مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کے مطابق عالمی سطح پر فیول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں،اس لیے بین الاقوامی منڈی میں مہنگائی کے بڑھنے کا کوئی خدشہ نہیں۔
ملک میں مصنوعی مہنگائی نہیں ہونے دیں گے،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا معنی خیز دعویٰ
4