اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے تقریباً 35 لاکھ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے رجسٹریشن مہم شروع کردی ہے، جس کے تحت دکانداروں کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کے ساتھ ٹیکس نظام میں شامل ہونے والے اہل تاجروں کو متعدد اہم سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن کیلئے اردو سمیت علاقائی زبانوں میں ایک صفحے پر مشتمل سادہ فارم جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد دکانداروں کیلئے ٹیکس نظام میں شمولیت کے عمل کو آسان اور کم پیچیدہ بنانا ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اہل دکاندار اپنی رجسٹریشن ویب سائٹ، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس آفس کے ذریعے کراسکیں گے۔نئی سکیم کے تحت ایسے دکاندار جن کا سالانہ کاروباری ٹرن اوور 20 کروڑ روپے تک ہے، انہیں ایک فیصد کی شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ تاہم اسکیم میں کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس کی ادائیگی کی شرط بھی رکھی گئی ہے، جس کے باعث اہل تاجروں کو اپنی کاروباری سرگرمیوں کے مطابق مقررہ ٹیکس نظام میں شامل ہونا ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے اہل دکانداروں کو بعض اہم ٹیکس اور کاروباری تقاضوں سے استثنیٰ بھی حاصل ہوگا۔ ان تاجروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) نظام اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے تاجروں کا آڈٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔اسی طرح رجسٹرڈ تاجروں کو ودہولڈنگ ایجنٹ کی ذمہ داری سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد چھوٹے کاروباری طبقے کو ٹیکس نظام میں شامل کرنا اور اس عمل کو تاجروں کیلئے زیادہ سہل بنانا ہے تاکہ رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے پیچیدگیوں کو کم کیا جاسکے۔ایف بی آر کے مطابق قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والے رجسٹرڈ دکانداروں کی دکان پر کیو آر کوڈ پر مشتمل گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی، جس کے ذریعے ان کی رجسٹریشن اور اسکیم کے تحت شمولیت کی شناخت ممکن ہوگی۔ٹیکس حکام کی جانب سے رجسٹرڈ دکانداروں کی انسپیکشن کے حوالے سے بھی اہم سہولت دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس عملے کو اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کی دکانوں کا معائنہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد رجسٹرڈ تاجروں کو غیر ضروری سرکاری مداخلت اور کاروباری سرگرمیوں میں خلل سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے شروع کی گئی مہم کو ملک کے چھوٹے کاروباری طبقے کو باضابطہ ٹیکس نظام کا حصہ بنانے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ اس سکیم میں ایک طرف دکانداروں کیلئے رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے تو دوسری جانب ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے والے اہل تاجروں کو آڈٹ، انسپیکشن، POS اور ڈیجیٹل انوائسنگ سمیت بعض اہم تقاضوں سے استثنیٰ دینے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شمولیت کیلئے ویب سائٹ، موبائل ایپ اور ٹیکس دفاتر کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ قواعد کی پابندی کرنے والے رجسٹرڈ تاجروں کو گرین پلیٹ کے ذریعے شناخت بھی دی جائے گی۔
ایف بی آر کا چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا ٹیکس پلان،رجسٹریشن آسان،آڈٹ ختم،انسپیکشن پر بھی پابندی
8