جدہ(امیر محمد خان سے)جدہ میں قونصل خانہ جنرل پاکستان میں اہم سفارتی تبدیلی عمل میں آئی ہے،جہاں محترمہ فرینہ ارشد نے بطور ڈپٹی قونصل جنرل اپنی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں محترمہ فرینہ ارشد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے وسیع تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قونصلر خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔فرینہ ارشد ایک سینئر اور تجربہ کار کیریئر سفارتکار ہیں،جو سفارتی خدمات میں پندرہ سال سے زائد کا بھرپور تجربہ رکھتی ہیں۔ان کی تقرری کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب،سابق ڈپٹی قونصل جنرل محترمہ سعدیہ وقار النساء کی جدہ میں تعیناتی مکمل ہو چکی ہے اور انہیں فوری طور پر پاکستان واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔قونصل خانے کے ذرائع کے مطابق ان کی خدمات کو سراہا گیا ہے اور ان کے دورِ تعیناتی کو پیشہ ورانہ حوالے سے اہم قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ قونصل خانہ جنرل پاکستان،جدہ میں ڈپٹی قونصل جنرل کا عہدہ نہایت اہمیت کا حامل ہے،جو اوورسیز پاکستانیوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی،ان کے مسائل کے حل اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان سفارتی و عوامی روابط کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ نئی تعیناتی سے توقع کی جا رہی ہے کہ قونصل خانے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور کمیونٹی کی خدمت کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکے گا۔