19
ممبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)کروڑوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے بھارتی پنجابی فلموں کے مقبول ترین کامیڈین اور اداکار جسوندر سنگھ بھلا 65 سال کی عمر میں دنیا سے منہ موڑ گئے
ایگزو نیوز کے مطابق بھارتی پنجابی فلموں کے مشہور ترین اداکار جسوندر سنگھ بھلا جو گذشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے،انہیں آج برین سٹروک ہوا جس پر انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے،جسوندر سنگھ بھلا کے اہل خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں برین سٹروک کے بعد موہالی کے فورٹیس ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج زندگی کی بازی ہار گئے۔جسوندر سنگھ بھلا کی آخری رسومات 23 اگست بروز ہفتہ دوپہر 12 بجے موہالی کے بالونگی کریمیشن گراونڈ میں ادا کی جائیں گی،جہاں ان کے اہل خانہ،دوستوں اور مداحوں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔جسوندر سنگھ بھلا کے پسماندگان میں ان کی بیوی پرم دیپ بھالا،اداکار بیٹا پکھراج بھالا اور بیٹی شپریت کور شامل ہیں۔بھارتی فلم انڈسٹری کی شخصیات نے جسوندر سنگھ بھلا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ان کی موت سے پنجابی فلم انڈسٹری ایک بڑے فنکار سے محروم ہو گئی ہے جنہوں نے کامیڈی کے شعبے میں اپنا الگ مقام بنایا۔یاد رہے کہ جسوندر سنگھ بھلا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1988 میں کامیڈی البم ’چھنکاتا 88‘ سے کیا تھا۔انہوں نے کئی مشہور پنجابی فلموں میں لازوال کردار نبھائے،جن میں ’کیری آن جٹا‘، ’بھاجی ان پرابلم‘، ’منجھے بسسراں دے‘، ’سجن سنگھ رنگروٹ‘ اور ’جٹ اینڈ جولیٹ‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔