پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنی مکمل فٹنس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایکشن میں ہوں گے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے فخر نے انکشاف کیا کہ بہت سے لوگوں کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بیمار ہوگئے تھے۔ جس کی وجہ سے اُن کو فٹنس کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور کئی اہم میچز کھیلنے سے انکار کیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے فٹنس دوبارہ حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دورے چھوڑ دیے۔
فخر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری ہمیشہ ان کے ذہن میں رہتی ہے، کیوں کہ چیمپئنز ٹرافی نے ان کے کیریئر کا ایک شاندار آغاز کیا، اور وہ آنے والے ایڈیشن کیلئے پرجوش ہیں۔
صائم ایوب کے بارے میں بات کرتے ہوئے فخر نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے صائم کو ایک باصلاحیت کرکٹر کے طور پر سراہا۔
فخر نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ کھیلنے کو خوش قسمتی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اوپننگ ان کی ترجیح ہے، لیکن وہ صورتحال کے مطابق اپنی بیٹنگ پوزیشن کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے تیار ہیں۔