اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کو جعلی کالز اور فراڈ سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سکیمرز مختلف سرکاری اداروں کی نقالی کر کے شہریوں سے حساس اور مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق جعلساز خود کو پی ٹی اے، ایف آئی اے، بینک یا دیگر سرکاری اداروں کا نمائندہ ظاہر کر کے فون کالز اور پیغامات کے ذریعے صارفین سے او ٹی پی، پن کوڈ، شناختی کارڈ نمبر اور بائیو میٹرک تفصیلات مانگ رہے ہیں، جو سراسر فراڈ ہے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ کبھی بھی فون کال یا میسج کے ذریعے ایسی معلومات طلب نہیں کرتا۔پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک کال یا پیغام پر فوری ردعمل دینے سے گریز کریں اور معلومات کی تصدیق صرف متعلقہ اداروں کے سرکاری چینلز سے کریں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ذرا سی غفلت مالی نقصان اور شناختی فراڈ کا باعث بن سکتی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو خبردار کیا تھا کہ کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال ملکی قوانین اور ٹیلی کام ضوابط کی خلاف ورزی ہے، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ پی ٹی اے نے ایک بار پھر عوام پر زور دیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔
جعلی کالز کا جال بے نقاب،پی ٹی اے کا موبائل صارفین کیلئے ہائی الرٹ جاری
24