سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس آف پاکستان (ڈی جی آئی ایس آئی) فیض حمید کو آئندہ چند دنوں میں فرد جرم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی جانب سے 14 دسمبر کو سول نافرمانی کی کال کا اعلان فیض حمید سے متعلق خبروں سے منسلک ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عمران خان کو امید ہے کہ فیض حمید سے متعلق خبریں جلد منظر عام پر آئیں گی لیکن میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ یہ 14 دسمبر سے پہلے ہی آجائے گی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بااثر شخصیات کا احتساب ایک مثبت مثال قائم کرے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر فیض حمید عمران خان کے خلاف ثبوت فراہم کرتے ہیں تو اس سے پی ٹی آئی کے بانی کو سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
سینیٹر نے عمران خان کو ملٹری کورٹ ٹرائل کا سامنا کرنے کے امکان کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر فیض حمید کو کورٹ مارشل اور سزا مل جاتی ہے تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔