نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سروس میں اچانک خلل کے باعث لاکھوں صارفین متاثر ہوئے، جبکہ متعدد افراد کو اپنے اکاونٹس تک رسائی حاصل کرنے اور پلیٹ فارم استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایگزو نیوز کے مطابق سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاون ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا کے مختلف حصوں سے فیس بک کے حوالے سے مسائل کی بڑی تعداد میں رپورٹس موصول ہوئیں،جس کے بعد صارفین کی شکایات میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ڈاون ڈیٹیکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ دنیا بھر کے صارفین نے فیس بک کے استعمال میں مشکلات کی نشاندہی کی ہے،جن میں اکاونٹ تک رسائی،ویب سائٹ لوڈ ہونے اور دیگر تکنیکی مسائل شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح فیس بک کے حوالے سے شکایات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ابتدائی طور پر موصول ہونے والی شکایات چند تھیں تاہم کچھ ہی دیر میں یہ تعداد بڑھ کر 3 ہزار 555 تک پہنچ گئی۔صارفین کے مطابق فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورڑن بھی کئی افراد کے لیے دستیاب نہیں تھا جبکہ بعض صارفین کو اکاونٹ کھولنے کی کوشش پر پیغام موصول ہوا کہ “آپ کا اکاونٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے،سائٹ کے مسئلے کی وجہ سے آپ کا اکاونٹ فی الحال بند ہے،امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،چند منٹ بعد دوبارہ کوشش کریں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین نے سوشل میڈیا پر فیس بک سروس متاثر ہونے کی شکایات شیئر کیں تاہم کمپنی کی جانب سے فوری طور پر اس تکنیکی خرابی کی وجہ یا دورانیے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔فیس بک دنیا کے بڑے ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل ہے،جہاں اربوں صارفین روزانہ رابطے،معلومات کے تبادلے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے اس سروس کا استعمال کرتے ہیں،اس لیے چند گھنٹوں کا تعطل بھی بڑی تعداد میں صارفین کو متاثر کر دیتا ہے۔