اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کے حصول کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے زرعی برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ برآمدکنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے، اصلاحات پر پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کے لیے سہولت کاری کے عمل کو تیز کرنے، متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے خصوصی طور پر رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر برآمدات میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زرعی برآمدات ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی استعداد کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ ملکی برآمدات میں پائیدار اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو جولائی تا دسمبر 2025 کے تجارتی اعداد و شمار پر مشتمل بریفنگ دی گئی، جس میں ملکی برآمدات، درآمدات، تجارتی خسارے اور ہائی ویلیو سیکٹرز کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی ویلیو سیکٹرز کی برآمدات میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ملکی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں گلوبل ویلیو چین کا حصہ بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر کام جاری ہے۔وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ برآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بندرگاہوں اور لاجسٹکس کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ ترسیل کے اخراجات اور وقت میں کمی ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چاول کی برآمدات کے فروغ کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں پر بات چیت جاری ہے، جس سے زرعی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ برآمدات کے فروغ کے لیے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں اور ایکسپورٹرز کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی سستی نہ برتی جائے۔
برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی ترجیح، ٹیکس ریفنڈ میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی:وزیر اعظم شہباز شریف
6