صوابی(ایگزو نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے،جب کہ ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ پشاور موٹروے پر صوابی کے قریب پیش آیا،جہاں ان کی گاڑی اچانک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری۔
موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گاڑی کو ممکنہ طور پر مکینیکل خرابی کا سامنا ہوا،جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ نتیجتاً گاڑی تیز رفتاری کے باعث سڑک سے اتر کر گہرائی میں جا گری،جس سے شدید نقصان ہوا۔ریسکیو اور موٹروے پولیس کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔زخمی ڈرائیور کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ تاج آفریدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔حکام کے مطابق تاج آفریدی اسلام آباد سے پشاور کی جانب سفر کر رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ابتدائی شواہد کی روشنی میں حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران گاڑیوں کی فنی حالت کو یقینی بنائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صوابی کے قریب المناک ٹریفک حادثہ،ن لیگی رہنما سینیٹر تاج محمد آفریدی زندگی کی بازی ہار گئے
15