لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی سابق رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے مبینہ حملے کا واقعہ پیش آیا،جس میں گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سعدیہ سہیل رانا ایک نجی تقریب سے واپسی پر تھیں۔درخواست گزار کے بیان کے مطابق موٹرسائیکل سوار افراد نے گاڑی کا راستہ روکا اور ڈنڈوں،ہیلمٹ اور پتھروں سے حملہ کرتے ہوئے شیشوں اور گاڑی کی باڈی کو نقصان پہنچایا،تشویشناک صورتحال کے باوجود ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت رہائش گاہ منتقل کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان نے گھر پہنچ کر ہیلپ لائن پر اطلاع دی، جس کے بعد تھانہ گارڈن ٹاون میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاون کو ملزمان کی فوری تلاش اور گرفتاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ خود اس کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس نے متاثرہ فریق کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلووں سے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ شہر نظام، نگرانی کیمرے اور دیگر تکنیکی ذرائع کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت اور سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ برکت مارکیٹ کے قریب پیش آیا اور اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔