لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رکن قومی اسمبلی ،سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاست دان میاں محمد اظہر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ۔
ایگزو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر کے والد اور ملک کے سینئر سیاست دان میاں محمد اظہر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ،میاں اظہر کچھ عرصے سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔میاں اظہر نے سیاست سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی تاہم نو مئی کے واقعات کے بعد اپنے بیٹے حماد اظہر کے خلاف مقدمات،پولیس چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف 2024 کے الیکشن میں وہ خود میدان میں اترے اور تمام ترمخالفت اور پابندیوں کے باوجود لاہور کے حلقہ این اے 129 سے ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔میاں محمد اظہر کا سیاسی سفر ایک کارکن کی حیثیت سے شروع ہوا ،بعد ازاں وہ لاہور کے میئر بنے جبکہ 1990 سے 1992 تک وہ پنجاب کے انتہائی متحرک گورنر رہے۔میاں اظہر کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا ،جنرل مشرف کے ٹیک اوور اور میاں نواز شریف کی جلاوطنی کے دوران انہوں نے چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ مل کر ق لیگ کی بنیاد رکھی اور اس جماعت کے سربراہ بن گئے۔تحریک انصاف کے رہنماوں نے میاں محمد اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ میاں اظہر کی وفات ہمارے لیے افسردگی کا باعث ہے،انہوں نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی جبکہ ان کے مخالفین بھی ان کی شرافت کے معترف تھے، اپنی زندگی کے آخری ایام میں بھی وہ پاکستان میں آئین و قانون کی بحالی کی جدوجہد کر رہے تھے،اللہ تعالی ان کی مغفرت اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر لاہور میں انتقال کر گئے
20