ٹوکیو(ایگزو نیوز ڈیسک)یورپ میں جاری ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر نے جہاں معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا ہے وہیں اس کے نتیجے میں ایشیائی کمپنیوں کے ایئر کنڈیشنرز کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا، چین اور جاپان کی بڑی الیکٹرانکس کمپنیوں نے یورپی منڈیوں میں طلب میں تیزی سے اضافے کی تصدیق کی ہے۔جنوبی کوریا کی معروف کمپنیوں سام سنگ اور ایل جی کا کہنا ہے کہ اٹلی، اسپین اور فرانس جیسے ممالک میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں دوہرے ہندسے کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایل جی کے مطابق بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اس کی جنوبی کوریا میں قائم ایک فیکٹری اپریل سے مکمل پیداواری صلاحیت پر کام کر رہی ہے، جہاں سے مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں کے لیے سپلائی جاری ہے۔چینی کمپنی میڈیہ نے بھی یورپ میں مانگ میں نمایاں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مئی کے آخری دو ہفتوں کے دوران شدید گرمی کے باعث اس کے پورٹ ایبل اسپلٹ ایئر کنڈیشنرز کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا، یہاں تک کہ بعض مارکیٹوں میں یہ ماڈلز مکمل طور پر فروخت ہو گئے۔ کمپنی کے مطابق جرمنی میں صرف مئی کے مہینے میں آن لائن فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 37 فیصد بڑھ گئی، جبکہ اسپین اور فرانس کو ترسیل میں 108 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جاپانی کمپنی مٹسوبشی الیکٹرک کے مطابق فرانس، اسپین، برطانیہ اور جرمنی میں شدید گرمی کی لہر کے باعث ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات صارفین کے رویوں کو بھی تیزی سے تبدیل کر رہے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یورپ میں پرانی طرز کی عمارتیں ایئر کنڈیشنرز کی تنصیب کو مہنگا اور پیچیدہ بنا دیتی ہیں، جہاں ایک یونٹ کی تنصیب پر ایک ہزار یورو سے زائد لاگت آ سکتی ہے، جو کئی گھرانوں کے لیے قابلِ برداشت نہیں۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے مطابق اس وقت یورپ میں صرف تقریباً 20 فیصد گھروں میں ایئر کنڈیشنرز نصب ہیں۔شدید گرمی کے پیش نظر متعدد کمپنیوں نے اپنے ملازمین، خصوصاً ڈیلیوری سے وابستہ عملے کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے ہیں، جن میں کولنگ ٹاولز، پانی سے ٹھنڈے ہونے والے کلائی بینڈز اور دھوپ سے بچاو¿ کے خصوصی حفاظتی سامان کی فراہمی شامل ہے، تاکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
یورپ گرمی کی شدت سے جھلس اٹھا،ایشیائی کمپنیوں کی چاندی،اے سی کی مانگ میں طوفانی اضافہ
10