اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان حالیہ دنوں میں شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں غیر معمولی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ ملک بھر میں درجنوں دیہات اور قصبے پانی کی نذر ہو چکے ہیں، کھڑی فصلیں برباد ہو گئی ہیں اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ایسے وقت میں یورپی یونین نے پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فوری طور پر ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایہ کیلس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے حالیہ سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان یورپی یونین پاکستان کے مطابق یورپی یونین نے ہنگامی انسانی ضروریات کے لیے تقریباً 350 ملین روپے کی امداد مختص کی ہے۔ اس امداد کو معتبر انسانی ہمدردی کے شراکت دار اداروں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا تاکہ متاثرہ عوام تک براہ راست ریلیف پہنچایا جا سکے۔ امدادی پیکج میں جان بچانے والی صحت کی سہولیات، بیماریوں کے پھیلاو کی روک تھام کے لیے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے منصوبے شامل ہیں، اس کے علاوہ انتہائی کمزور اور بے سہارا طبقات کے لیے نقد امداد بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بنیادی اشیا خرید سکیں۔ یورپی یونین کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا عملی اظہار ہے کہ یورپی یونین اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کایہ کیلس نے اپنے ٹیلی فونک رابطے میں یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کے جذبہ خیرسگالی اور بروقت تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان مشکل حالات میں عالمی برادری کی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ماحولیاتی بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، حالانکہ دنیا میں کاربن کے اخراج میں اس کا حصہ نہایت کم ہے۔اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نمائندہ کے ساتھ بات چیت میں اس امر پر بھی زور دیا کہ سیلاب سے نمٹنے اور مستقبل میں ایسے قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر قابو پانے اور پائیدار بحالی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یورپی یونین نے پاکستان کو یقین دلایا کہ وہ نہ صرف فوری ریلیف فراہم کرے گی بلکہ طویل المدتی بحالی کے منصوبوں میں بھی شراکت دار بنے گی تاکہ متاثرہ خاندان اپنے پاوں پر دوبارہ کھڑے ہو سکیں۔
یورپی یونین کا بڑا قدم،سیلاب متاثرین کے زخموں پر 350 ملین روپے کا مرہم
17