Home » دریاوں کی زمینوں پر ہاوسنگ سوسائٹیز قائم کرنا بحران کی بڑی وجہ،دو نمبری کرنے والے لوگ آج ایوانوں میں بیٹھے اور بڑے امیر بن چکے،خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں گھن گرج

دریاوں کی زمینوں پر ہاوسنگ سوسائٹیز قائم کرنا بحران کی بڑی وجہ،دو نمبری کرنے والے لوگ آج ایوانوں میں بیٹھے اور بڑے امیر بن چکے،خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں گھن گرج

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش حالیہ سیلابی تباہ کاریاں کسی قدرتی آفت کا نتیجہ نہیں بلکہ انسانی غلطیوں اور بدانتظامیوں کا شاخسانہ ہیں، اگر موسمیاتی تبدیلیاں شدت اختیار کر رہی ہیں تو اس کے ذمے دار بھی ہم خود ہیں، آبی گزرگاہوں پر غیر قانونی تعمیرات، ہوٹلوں اور مکانات کی تعمیر اور دریاوں کی زمینوں پر ہاوسنگ سوسائٹیز قائم کرنا آج کے بحران کی بڑی وجوہات ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق میں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ وقت خود احتسابی کا ہے کیونکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی سب سے بڑی وجہ تجاوزات ہیں، سیالکوٹ میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ ہوئی جس کی بنیادی وجہ دریا کے راستے میں آبادیاں ہیں۔ خواجہ آصف نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں نے نالوں اور دریاوں کی زمینوں پر پلاٹ بنا کر فروخت کیے، جب سیاستدان ہی ایسے کام کریں گے تو عوام سے کیا توقع کی جا سکتی ہے؟ یہ دو نمبری کرنے والے لوگ آج ایوانوں میں بیٹھے ہیں اور بڑے امیر بن چکے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں وہ وقت آنے والا ہے جب لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترسیں گے،یہ مسائل سیاسی نہیں بلکہ قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے ہیں، اس لیے ان پر اختلافات کے بجائے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ہر سیلاب کے بعد صرف نقصانات کے تخمینے لگائے جاتے ہیں مگر اصل حل یعنی پانی کو محفوظ بنانے پر توجہ نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیمز کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،بڑے ڈیمز بنانے میں 10 سے 15 سال لگ جاتے ہیں جبکہ ملک کو فوری ضرورت چھوٹے ڈیمز کی ہے تاکہ ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے اپنے حلقے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہاوسنگ پراجیکٹ میں سات سات فٹ پانی جمع رہا اور ہر سال لوگ اسی صورتحال کا سامنا کرتے ہیں، لاہور میں بارش کے بعد سیلابی پانی جلد نکال دیا گیا لیکن سیالکوٹ میں تجاوزات کے باعث پانچ سے چھ دن تک پانی کھڑا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑے منصوبوں کے نام پر وقت ضائع کرنے کے بجائے چھوٹے ڈیمز اور عملی اقدامات کی طرف جانا ہوگا، یہ پانی اگر ضائع ہو کر سمندر میں جا رہا ہے تو اس کا مطلب ہے ہم قدرتی آفات کو خود دعوت دے رہے ہیں، یہ معاملہ صرف سیاسی نہیں بلکہ قومی ایجنڈا ہے اور اس پر سب کو متحد ہونا ہوگا تاکہ مستقبل کی نسلوں کو بچایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز