آرٹیفیشل انٹیلیجنس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو اب ایک نیا یادداشت فیچر دے دیا گیا ہے، جس کے ذریعے یہ صارفین کی پرانی گفتگو کو یاد رکھ کر مستقبل کی بات چیت میں اس کا حوالہ دے سکے گا۔
اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ یہ فیچر “حیران کن حد تک مؤثر” ہے اور اس سے چیٹ جی پی ٹی صارفین کی زندگی کو آسان بنانے میں مزید مددگار بنے گا۔
اب چیٹ جی پی ٹی آپ کی بتائی گئی باتیں میموری میں محفوظ رکھے گا، مثلاً آپ کے خاندانی افراد کی تعداد یا پسندیدہ کھانے۔
یہ فیچر صارفین کو زیادہ ذاتی نوعیت کی گفتگو اور مشورے فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
اگر آپ نہیں چاہتے کہ چیٹ جی پی ٹی آپ کی گفتگو یاد رکھے، تو آپ سیٹنگز میں جاکر یہ فیچر بند کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر پہلے مرحلے میں ماہانہ سبسکرپشن والے صارفین کے لیے آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔ مفت صارفین کے لیے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
اوپن اے آئی کے مطابق، جتنا زیادہ آپ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کریں گے، یہ آپ کے انداز، ترجیحات اور ضرورتوں کو سمجھ کر اتنا ہی بہتر اور مؤثر انداز میں جواب دے گا۔