کولمبو(ایگزو نیوز ڈیسک)ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹس مرحلے کے گروپ ٹو کے 49ویں میچ میں انگلینڈنے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈکو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ میچ کے اس نتیجے نے ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی روشن کر دیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ابتدائی اوورز میں ٹم سائفرٹ اور فن ایلن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔سائفرٹ نے 35، فن ایلن نے 29 جبکہ گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔مارک چیپمین نے 15 اور کول میک کونچی نے 14 رنز بنائے جبکہ کپتان مچل سینٹنر 9 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، ول جیکس اور ریحان احمد نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیام ڈاسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا،یوں کیویز کی ٹیم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور محض 2 رنز پر دونوں اوپنرز فل سالٹ اور جوز بٹلر پویلین لوٹ گئے تاہم ٹام بینٹن نے 33 اور ہیری بروک نے 26 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا۔سیم کرن نے 24 اور جیکب بیتھل نے 21 رنز کی اہم شراکت فراہم کی۔میچ کے آخری لمحات میں ول جیکس اور ریحان احمد نے صرف 16 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کر کے مقابلہ انگلینڈ کے حق میں کر دیا۔ول جیکس 32 اور ریحان احمد 19 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔انگلینڈ نے ہدف 19.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔آل راونڈ کارکردگی پر ول جیکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن،میٹ ہنری اور گلین فلپس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس فتح کے بعد انگلینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست آ گئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔اب پاکستان اور نیوزی لینڈ میں سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہو گا۔پاکستان کو نہ صرف فتح درکار ہے بلکہ بہتر نیٹ رن ریٹ کے لیے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہو گی بصورت دیگر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر سکتی ہے۔سپر ایٹس مرحلے کا اگلا اور فیصلہ کن مقابلہ پالے کیلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا،جس پر شائقین کرکٹ کی نظریں مرکوز ہیں۔