Home » پنجاب سیاست کا ایک عہد ختم،سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی کھوسہ انتقال کر گئے

پنجاب سیاست کا ایک عہد ختم،سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی کھوسہ انتقال کر گئے

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کے سینئر سیاستدان، سابق گورنر پنجاب اور کھوسہ قبیلے کے سربراہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، اہل خانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل اور لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے سردار ذوالفقار علی کھوسہ 20 اکتوبر 1935 کو بہادر گڑھ میں پیدا ہوئے اور 1962 میں پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔انہیں یہ منفرد اعزاز حاصل رہا کہ وہ مجموعی طور پر 9 مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،جو صوبائی سیاست میں ایک غیر معمولی ریکارڈ سمجھا جاتا ہے۔ان کا سیاسی کیریئر کئی دہائیوں پر محیط رہا،جس دوران وہ مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے،جن میں صوبائی وزیر،مشیر،سینیٹر اور گورنر پنجاب شامل ہیں۔وہ 12 اگست 1999 سے 12 اکتوبر 1999 تک پنجاب کے 31ویں گورنر رہے،اس دوران ملک میں نواز شریف وزیر اعظم اور محمد رفیق تارڑ صدر کے عہدے پر فائز تھے۔سردار ذوالفقار علی کھوسہ مختلف سیاسی ادوار میں مسلم لیگ ن،اسلامی جمہوری اتحاد،آزاد حیثیت اور بعد ازاں تحریک انصاف سے وابستہ رہے۔2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تاہم کامیابی حاصل نہ کر سکے،جس کے بعد وہ عملی سیاست سے کنارہ کش ہو گئے تھے۔

وہ نواز شریف کی جلاوطنی کے دور میں پنجاب میں مسلم لیگ ن کے صدر بھی رہے اور پارٹی کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کے صاحبزادوں میں دوست محمد کھوسہ،حسام الدین کھوسہ اور سیف الدین کھوسہ شامل ہیں،جن میں دوست محمد کھوسہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔اہل خانہ کے مطابق سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا جسد خاکی ڈیرہ غازی خان منتقل کیا جائے گا،جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں پاکستان کی سیاست میں ایک مضبوط، بااثر اور تجربہ کار رہنما کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر عابد شیر علی نے ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک سنجیدہ،باوقار اور زیرک سیاسی شخصیت ہم سے جدا ہو گئی،سردار ذوالفقار کھوسہ کا انتقال صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک سوچ،ایک روایت اور ایک بھرپور سیاسی تجربے کا نقصان ہے۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے اپنی زندگی سیاست کو وقار،برداشت اور اصولوں کے ساتھ جیا،مشکل حالات میں بھی اعتدال اور تدبر کا دامن نہیں چھوڑا اور ہمیشہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی،ان کی گفتگو،رہنمائی اور سیاسی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ خلا آسانی سے پر نہیں ہو سکے گا،اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے چاہنے والوں کو صبر و استقامت دے۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوس اور دکھ کے ساتھ سابق گورنر پنجاب، بزرگ سیاستدان سردار ذوالفقار کھوسہ کے انتقال کی خبر سنی،وہ پاکستان کی سیاست کا ایک مدبر،باوقار اور اصولی نام تھے جنہوں نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد کے دوران جمہوریت کے استحکام اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا۔انہوں نے کہا کہ سردار ذوالفقار کھوسہ کی سیاسی بصیرت،تدبر اور معاملہ فہمی ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہی،ان کی شخصیت میں شرافت،وقار اور خدمت خلق کا جذبہ نمایاں تھا،جو نئی نسل کے سیاستدانوں کے لیے مشعل راہ ہے،ان کی وفات قومی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان ہے،اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے،درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز