نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک جو کہ امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ہیں، نے پیر کو اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر سے ملاقات کی۔
دو ایرانی عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے اخبار نے کہا کہ ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانیوں نے بتایا کہ مسٹر مسک اور سفیر امیر سعید ایروانی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی اور یہ ایک خفیہ مقام پر منعقد ہوئی۔ ایرانیوں نے اس ملاقات کو "مثبت” اور "اچھی خبر” قرار دیا۔
دوسری جانب، ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر سٹیون چیونگ نے کہا، "ہم نجی ملاقاتوں کی رپورٹس پر تبصرہ نہیں کرتے جو ہوئی یا نہیں ہوئیں۔” جبکہ ایلون مسک نے تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ایک سینئر ایرانی عہدیدار اور مسٹر مسک کے درمیان ابتدائی براہ راست ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کی پہلی کوشش ہے، حالانکہ منتخب صدر اور ایران کے درمیان الزامات کی تاریخ ہے۔ ایرانی حکام میں سے ایک نے کہا کہ مسٹر مسک نے ملاقات کی درخواست کی تھی اور سفیر نے اس جگہ کا انتخاب کیا۔