آرلنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 2-4 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور پہلی بار ناک آوٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کر لی۔دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ اور اضافی وقت تک مقابلہ 1-1 سے برابر رہا،جس کے بعد فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔
ایگزو نیوز کے مطابق میچ کے دوران مصر نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 13ویں منٹ میں امام عاشور کے شاندار ہیڈر کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ تاہم دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں محمد ہانی کی بدقسمتی سے گیند ان کے اپنے ہی گول میں چلی گئی،جس کے نتیجے میں آسٹریلیا کو برابری کا موقع ملا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن دفاعی حکمت عملی کے باعث میچ برابر ہی رہا اور فیصلہ اضافی وقت کے بعد پنالٹی شوٹ آوٹ پر منتقل ہو گیا۔پنالٹی شوٹ آوٹ میں مصر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام چار ککس کو گول میں تبدیل کیا۔محمود صابر،رامی ربیعہ،محمد صلاح اور حسام عبدالمجید نے اعتماد کے ساتھ گیند جال میں پہنچائی جبکہ حسام عبدالمجید کی فیصلہ کن کک نے مصر کی جیت کو یقینی بنایا۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے جیکسن اروائن اور آور مابِل نے گول کیے تاہم ہیری ساوٹر کی کک ہدف سے اوپر چلی گئی اور نوجوان لوکاس ہیرنگٹن کی کوشش کراس بار سے ٹکرا گئی،جس سے آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے آخری لمحات میں آسٹریلیا نے اپنے تجربہ کار گول کیپر میتھیو ریان کو میدان میں اتارا لیکن وہ مصری کھلاڑیوں کی کسی بھی پنالٹی کو روکنے میں ناکام رہے۔آرلنگٹن کے بھرے ہوئے سٹیڈیم میں 70 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے،جہاں مصری مداحوں کی بڑی تعداد نے اپنی ٹیم کی تاریخی کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔یہ فتح مصر کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے،کیونکہ اس نے پہلی بار 1934 میں ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی اور 92 سال بعد اسے ناک آوٹ مرحلے میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔کپتان محمد صلاح،جو ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود پورا میچ کھیلتے رہے،جیت کے بعد جذباتی نظر آئے اور اسے اپنی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔میچ کے بعد مصر کے کوچ حسام حسن نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنالٹی شوٹ آوٹ کے دوران ان کی تمام توجہ ملک کے عوام کی خوشی پر مرکوز تھی۔انہوں نے کھلاڑیوں کو دباو سے آزاد ہو کر کھیلنے کی ہدایت دی،جو جیت میں کلیدی کردار ثابت ہوئی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کوچ ٹونی پوپووچ نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن مرحلے تک پہنچ کر ہار جانا انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔اس کامیابی کے بعد مصر نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے،جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہو گا،جس نے ایک اور میچ میں کیپ ورڈے کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔یہ اہم مقابلہ اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا،جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔