راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں ایک غیر متوقع اور ہنگامہ خیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب داہگل ناکہ پر میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان کو ایک انڈہ مارا گیا، یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب وہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک دو نامعلوم لڑکیوں نے ان پر انڈہ پھینکا اور بھاگ نکلیں،جس سے موقع پر موجود افراد اور کارکنان حیرت زدہ رہ گئے جبکہ علیمہ خان مشتعل کارکنوں کو روکتی رہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق راولپنڈی میں سیاسی سرگرمیوں کے دوران ایک حیران کن اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جب داہگل ناکہ پر میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان پر اچانک انڈہ پھینک دیا گیا، لمحوں میں پرسکون ماحول ہنگامہ خیز صورت اختیار کر گیا، کارکنان مشتعل ہوگئے اور موقع پر شدید افرا تفری دیکھنے میں آئی۔عینی شاہدین کے مطابق انڈہ مارنے کے بعد دونوں لڑکیاں فوری طور پر بھاگ کر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئیں۔ جیسے ہی کارکنان کو واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے مشتعل ہو کر گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور سخت نعرے بازی شروع کر دی۔ صورتحال بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوا تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کارکنان کو قابو میں کیا۔پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں کو کارکنان کے غصے سے بچایا اور انہیں بحفاظت قریبی پولیس چوکی منتقل کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور انڈہ مارنے والی لڑکیوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تا کہ ان کے اس اقدام کے پس پردہ محرکات سامنے آ سکیں۔دوسری جانب علیمہ خان کے حامیوں نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور اسے سیاسی مخالفین کی طرف سے دانستہ اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔اس واقعے نے نہ صرف تحریک انصاف کے کارکنان کو مشتعل کر دیا بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی بحث کو جنم دیا ہے کہ اس قسم کی حرکات عوامی رہنماوں اور سیاسی ماحول کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی اور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علیمہ خان پر دوران پریس کانفرنس انڈا پھینک دیا گیا،پولیس نے حملہ آور دو لڑکیوں کو حراست میں لے لیا،کارکن سخت مشتعل
6