الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ابتدائی طور پر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں 9 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کو اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق انتخابات میں تاخیر کے فیصلے کا براہ راست تعلق پارلیمنٹ میں ہونے والی حالیہ قانون سازی سے ہے۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے 29 اگست کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 کی منظوری دی تھی، اس کے بعد اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس بل کو منظور کیا گیا۔ نئے بل میں حکومت نے یونین کونسلز (یو سی) کی جنرل نشستوں کی تعداد موجودہ چھ سے بڑھا کر نو اور خواتین کی نشستیں دو سے بڑھا کر تین کر دی ہیں۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی درخواستوں کے جواب میں پولنگ 29 ستمبر کی بجائے 9 اکتوبر کو دوبارہ شیڈول کی تھی۔