الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ایم این اے عادل خان بازئی کو فلور کراسنگ پر نااہل قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیشن نے بازئی کے خلاف دائر نااہلی ریفرنسز پر آج فیصلہ سنایا۔ کوئٹہ سے آزاد امیدوار بازئی نے ابتدائی طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا حلف نامہ جمع کرایا تھا۔ سماعت کے دوران بازئی کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ان کا مسلم لیگ ن کی رکنیت کا حلف نامہ جعلی ہے۔
نواز شریف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بازئی کے اقدامات سے آئین کی خلاف ورزی ہوئی، خاص طور پر فنانس بل اور آئینی ترمیم کی ووٹنگ میں۔
یہ پیشرفت سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے عادل بازئی ایم این اے کا نام ان کی نااہلی کیلئے ای سی پی کو بھیجنے کے بعد سامنے آئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجے گئے ریفرنس میں انتخابی ادارے سے کہا گیا کہ وہ عادل بازئی کو ان کی این اے کی نشست سے ڈی سیٹ کرے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے عادل خان بازئی کی نااہلی کا ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا تھا۔ تاکہ وہ اس کو الیکشن کمیشن کو فارورڈ کر سکیں۔