Home » لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

by ahmedportugal
1 views
A+A-
Reset

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 تھی جب کہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر اور مرکز لاہور کے جنوب مغرب میں واقع تھا۔

زلزلے کے جھٹکے لاہور کے علاوہ قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکی اور ننکانہ صاحب میں بھی محسوس کیے گئے۔ خوفزدہ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے عمارتوں کی جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی مراکز الرٹ کر دیے گئے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نقصان کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

اس سے قبل دو روز پہلے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں زلزلے سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا تھا اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ وہاں زلزلے کی شدت 5.5، گہرائی 28 کلومیٹر اور مرکز موسیٰ خیل کے شمال مشرق میں تھا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کا بیشتر علاقہ فالٹ لائنز پر واقع ہے، جو زلزلوں کے خطرات کو بڑھا دیتا ہے۔ پاکستان یوریشین اور انڈین پلیٹ کے سنگم پر واقع ہے، جہاں زمینی پلیٹس کی مسلسل حرکت زلزلوں کا سبب بنتی ہے۔ اس جغرافیائی محلِ وقوع کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقے، خصوصاً کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، کوئٹہ، اور کراچی، زلزلے کے لحاظ سے انتہائی حساس قرار دیے جاتے ہیں۔

عالمی سطح پر پاکستان کو زلزلوں کے حوالے سے پانچواں حساس ترین ملک سمجھا جاتا ہے، جہاں ہلکے سے درمیانے درجے کے زلزلے معمول بن چکے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز