نیویارک میں ہونے والی سوتھبی کی آرٹ نیلامی میں ڈکٹ ٹیپ والا کیلا 6.2 ملین ڈالر میں فروخت ہو گیا۔ اس خریداری نے آرٹ کے حوالے سے عالمی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فن پارے کی ابتدائی قیمت 800,000 ڈالر تھی جو تقریباً پانچ منٹ بعد 5.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، اس میں خریدار کا پریمیم (فیس) بھی شامل تھی۔ بعد میں کرپٹو کرنسی کے کاروباری شخصیت، جسٹن سن نے اس کو 6 عشاریہ 2 ملین ڈالر میں خرید لیا۔ انہوں نے کرپٹو کرنسی میں ادائیگی کی، اور یہ خریدار کی ذمے داری ہوگی کہ وہ کیلے کو خراب ہونے کے بعد اس کو تبدیل کرے۔
جسٹن سن نے سوتھبیز کو ایک بیان میں بتایا کہ یہ صرف ایک فن پارہ نہیں ہے، یہ ایک ثقافتی مظہر کی نمائندگی کرتا ہے جو فن، میمز اور کرپٹو کرنسی کمیونٹی کی دنیا کو جوڑتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ فن پارہ مستقبل میں مزید غور و فکر اور بحث کا باعث بنے گا اور تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ فن پارہ، "کامیڈین”، اٹلی کے فنکار ماؤریزیو کیٹیلان کا ہے، جس نے پہلی بار 2019 میں میامی کے آرٹ بیسل میں نمائش کے دوران دنیا کو حیران کردیا تھا۔ اس کی نمائش میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے کہ عوامی حفاظت اور دیگر فن پاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے اسے ہٹا لیا گیا تھا۔