اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)کراچی میں منشیات کے ہائی پروفائل کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے جہاں ملزمہ انمول عرف پنکی کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے، جبکہ عدالتوں میں پیشیوں کے دوران ہنگامہ آرائی اور سنسنی خیز انکشافات نے کیس کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ایک جانب پولیس ملزمہ کو ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کی مرکزی کردار قرار دے رہی ہے تو دوسری جانب ملزمہ کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات نے معاملے کو متنازع اور توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی کے پوش علاقوں سے لے کر ملک بھر میں منشیات کی سپلائی کے الزام میں گرفتار بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو مختلف مقدمات میں عدالتوں کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں کیس نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالتوں نے منشیات اور قتل سمیت متعدد مقدمات میں ملزمہ کے جسمانی اور جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے جبکہ مقامی عدالت نے منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا۔عدالتی کارروائی کے دوران ملزمہ کی جانب سے پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے گئے، جن میں زبردستی بیانات دلوانے، جھوٹے مقدمات قائم کرنے اور غیر قانونی حراست میں رکھنے کے دعوے شامل ہیں۔ پیشی کے موقع پر ملزمہ کی چیخ و پکار اور ہنگامہ آرائی نے ماحول کو کشیدہ بنا دیا، جبکہ خاتون پولیس اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔دوسری جانب تفتیشی حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ ایک منظم اور طویل عرصے سے فعال منشیات نیٹ ورک چلا رہی ہے، جس کے تانے بانے ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ملک تک پھیلے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون سے سینکڑوں افراد کے نمبرز اور کروڑوں روپے کی مالی لین دین کے شواہد ملے ہیں، جبکہ نیٹ ورک میں غیر ملکی افراد کی شمولیت کا بھی انکشاف ہوا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ نہ صرف منشیات کی سپلائی بلکہ آن لائن ذرائع کے ذریعے مالی لین دین اور نیٹ ورک کے پھیلاو میں بھی ملوث رہی ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ کیس میں سامنے آنے والے انکشافات اور بااثر شخصیات کے مبینہ تعلق نے معاملے کو مزید حساس اور اہم بنا دیا ہے، جس پر آئندہ سماعتوں میں مزید پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
منشیات ملزمہ پنکی کے گرد گھیرا تنگ، عدالتوں میں ہنگامہ، چونکا دینے والے انکشافات،پولیس اور ملزمہ کے الزامات نے کیس کو سنسنی خیز بنا دیا
19