فیروزوالا(ایگزو نیوز ڈیسک)فیروز والا کے علاقے پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش کا پانی رہائشی آبادی میں داخل ہو گیا، جس کے باعث کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا اور ایک ہی گھر کے تین کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ شہریوں نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی اور موثر نکاسی آب کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق فیروز والا کے علاقے پٹھان کالونی میں شدید بارش کے بعد نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر پانی آبادی میں داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں رہائشی علاقہ کئی فٹ گہرے پانی میں ڈوب گیا اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔اسی دوران ایک ہی گھر سے تعلق رکھنے والے تین کمسن بچے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے اچانک گہرے حصے میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔اہلِ محلہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم طبی امداد کے باوجود تینوں بچوں کو بچایا نہ جا سکا۔جاں بحق بچوں کی شناخت دانیال،نعمان اور برہان کے نام سے ہوئی ہے،جن کی عمریں تقریباً 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی اور پٹھان کالونی میں کہرام مچ گیا۔مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ نالہ بھیڑ کے حفاظتی بند کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا،جسے بروقت اقدامات کے ذریعے روکا جا سکتا تھا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ متاثرہ علاقے سے فوری طور پر پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے،مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاو کے لیے موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور اس سانحے کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی باضابطہ ردعمل یا تحقیقات کے اعلان کی اطلاع سامنے نہیں آ سکی، جس کے باعث شہریوں میں غم و غصہ برقرار ہے۔
نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے سے تباہی،ایک ہی گھر کے تین بچے ڈوب کر جاں بحق،شہریوں کا انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج
20